دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ، سیالکوٹ اور وزیر آباد میں ہائی الرٹ

image

بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے گیٹ کھولے جانے کے بعد دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا جس کے پیش نظر سیالکوٹ اور وزیر آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ اور وزیر آباد میں ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد جواد پیرزادہ کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس دوران دریائے چناب میں بڑے سیلابی ریلے کے پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی بڑے سیلاب کے خدشے سے آگاہ کیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US