وزیرِ اعظم کی انڈس راس روبوٹکس ایکسپو میں شرکت، 20 ملین ڈالر کے 'پاکستان وینچر فنڈ' کا اعلان

image

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ "انڈس راس روبوٹکس اینڈ اٹانومس سسٹمز ایکسپو" میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور ٹیکنالوجی ماہرین بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے روبوٹکس، ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کو معاشی استحکام، بہتر سلامتی اور عوام کی فلاح کے لیے ضروری قرار دیا۔ انہوں نے دفاعی شعبے میں مسلح افواج کی ٹیکنولوجیکل کامیابیوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں سیمولیٹرز سو فیصد جبکہ ڈرونز 60 فیصد سے زائد مقامی سطح پر تیار کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ملک میں روبوٹکس کی تحقیق اور فروغ کے لیے "سپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام" شروع کرنے اور 20 ملین ڈالر کے "پاکستان وینچر فنڈ" کے قیام کا بڑا اعلان کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان آئندہ دیگر ممالک کی ٹیکنالوجی پر انحصار کے بجائے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھے گا اور جدت کو شفاف و محفوظ بنانے کے لیے واضح اخلاقی اور قانونی فریم ورک قائم کیا جائے گا۔

تقریب کے دوران وزیراعظم کو ایکسپو کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی اور ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US