پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے وزیر دفاع کے حالیہ بیان کی مذمت نہ کر کے دراصل ان کے موقف کے ساتھ کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
میرپور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا رویہ ہر انتخابات سے قبل بدل جاتا ہے اور وہ یوں بات کرتے ہیں جیسے کبھی اقتدار میں رہے ہی نہ ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جو جماعت قصور کی حالت بہتر نہیں بنا سکی، وہ گلگت بلتستان کو لاہور بنانے کے دعوے کر رہی ہے۔
انہوں نے ن لیگ پر حقوق سلب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ الیکشن کے دنوں میں عوام کے پیروں میں پڑنے والے اقتدار ملتے ہی ان کے گلے کا طوق بن جاتے ہیں، اس لیے عوام کو ان کی سیاسی چالوں کو سمجھنا ہوگا۔