پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے باعث صوبے کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ سے متعلق تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف مقامات پر نچلے، درمیانے اور اونچے درجے کے سیلاب کی کیفیت برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ پر 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
ادارے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مرالہ پر ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک، خانکی پر 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک اور قادر آباد پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ان مقامات پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر 73 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ نارروال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا کہ دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ 12 گھنٹوں سے دریا میں پانی کا بہاؤ مستحکم ہے۔ تاہم انہوں نے دریا کے پاٹ میں موجود شہریوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کے لیے بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، جبکہ دریا عبور کرنے کی صورت میں معیاری کشتیوں اور لائف جیکٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ والدین کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ بچوں کو دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے سے ہرگز نہ جانے دیں۔