مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، عطاء اللہ تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی کے کارکن ہر مشکل وقت میں قیادت کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی جانب سے دی گئی عزت اور اعتماد پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین رہنماؤں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی جبکہ پارٹی کا ہر کارکن ملکی ترقی اور خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے کشمیر بنے گا پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنے دیا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیر کاز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سیاست کو بھی ناکام بنایا جائے گا۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے ایسے بیانات دیے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے۔ ان کے بیانات پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور پاکستان کو بدنام کرنے کی ہر کوشش کو قوم مسترد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈوں پر مبنی سیاست دفن ہو چکی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے عوامی مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ایسی کوششیں ہمیشہ ناکامی اور رسوائی سے دوچار ہوئی ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہو رہا ہے اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور عالمی وقار کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US