پاکستان آئل ٹینکرز اونرز اور کنٹریکٹرز کا حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم، ہڑتال کی دھمکی

image

پاکستان آئل ٹینکرز اونرز اور کنٹریکٹرز نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں آئل ٹینکرز کی ہڑتال کی جائے گی۔

کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنظیم کے رہنماؤں نے کہا کہ مجوزہ ہڑتال کی تمام تر ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وائٹ آئل پائپ لائن کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے اور کمرشل لوڈنگ کا موجودہ نظام فوری طور پر ختم کیا جائے۔

آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد اللہ آفریدی نے کہا کہ گزشتہ تین برس سے آئل ٹینکرز کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ اس عرصے کے دوران موٹروے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے ٹول ٹیکس میں تقریباً 180 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس میں اضافے کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں پر بھی نظرثانی کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کے ساتھ مذاکرات اور خط و کتابت کا سلسلہ جاری تھا، تاہم مسائل حل نہ ہونے کے باعث ٹینکر مالکان احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔

عابد اللہ آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر 72 گھنٹوں کے اندر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو ملک بھر میں آئل ٹینکرز کا پہیہ جام کردیا جائے گا، جس سے تیل کی ترسیل اور سپلائی کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US