مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں جاری مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے ہدایت کی کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) اور ضلعی انتظامیہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔

انہوں نے گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور دیگر بارش سے متاثرہ علاقوں میں موسمی اور آبی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کے خدشات کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔

صدر آصف علی زرداری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ حساس علاقوں میں ریسکیو ٹیموں، مشینری اور امدادی سامان کی پیشگی تعیناتی یقینی بنائی جائے، جبکہ سیاحوں اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ موسمی انتباہات پر عمل کریں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

صدر مملکت نے مون سون بارشوں کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے ریسکیو اور ایمرجنسی اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US