لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز فور میں ایک رہائشی مکان کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 19 سالہ آمنہ، 20 سالہ علی، 22 سالہ صائمہ اور 55 سالہ علی شیر شامل ہیں۔ حادثے میں تمام افراد کے سر اور چہرے پر معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ مکان کی چھت ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی۔ حادثے کے فوراً بعد اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے آپریشن شروع کیا اور تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
ریسکیو آپریشن میں 17 اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ امدادی سرگرمیوں کے لیے 6 ایمرجنسی گاڑیاں بھی موقع پر موجود رہیں۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔