پی ٹی آئی رہنماؤں کی 230 سے زائد عبوری ضمانتوں میں توسیع، 29 اکتوبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

image

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج، سنگجانی جلسے، سپریم کورٹ کے باہر احتجاج اور دیگر مقدمات میں دائر 230 سے زائد عبوری ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کرتے ہوئے متعلقہ رہنماؤں کو 29 اکتوبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے مقدمات کی سماعت کی، جس میں پی ٹی آئی کے رہنما جنید اکبر، رؤف حسن، عبدالقیوم نیازی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے تمام عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ متعلقہ رہنماؤں کو آئندہ سماعت، یعنی 29 اکتوبر تک گرفتار نہ کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت پر اپنے تفصیلی دلائل پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ ترنول، رمنا، آبپارہ، سیکریٹریٹ اور دیگر تھانوں میں احتجاج اور دیگر الزامات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US