مون سون بارشیں، پنجاب کے 41 اضلاع میں ریسکیو اور نکاسی آب کا آپریشن جاری

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مون سون کی شدید بارشوں کے دوران پنجاب کے 41 اضلاع میں نکاسی آب، ریسکیو اور عوام کو ہنگامی امداد کی فراہمی کے لیے آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے جبکہ پہلی بار ہر ضلع کو جدید مشینری اور ضروری وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باوجود ریکارڈ وقت میں پانی کی نکاسی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کے افسران اور فیلڈ عملے کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ پہلی مرتبہ پانی کی مانیٹرنگ، نکاسی آب اور امدادی سرگرمیوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا، جس سے صورتحال کی مؤثر نگرانی اور بروقت کارروائی ممکن ہوئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واسا کی بحالی اور نئے اضلاع تک اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے پانی کی ریکارڈ وقت میں نکاسی پر شہریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ جو علاقے ماضی میں ہفتوں اور مہینوں تک زیرِ آب رہتے تھے، وہاں اب چند گھنٹوں میں پانی کی نکاسی خوش آئند پیش رفت ہے۔

مریم نواز شریف نے مون سون ایمرجنسی کے دوران اداروں کی کارکردگی کی مسلسل ڈیجیٹل نگرانی کی اور مختلف اضلاع کے افسران سے رابطہ کرکے شہروں میں نکاسی آب اور عوام کی امداد سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رہائشی علاقوں، بالخصوص نشیبی مقامات سے بروقت پانی کی نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ خستہ حال عمارتوں اور کمزور چھتوں کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران ندی نالوں، دریاؤں اور نہروں کے قریب جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ وزیراعلیٰ نے واسا کی پوری ورک فورس کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے حکام عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے مسلسل متحرک رہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US