گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، جس کے باعث اہم شاہراہیں اور رابطہ پل شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق جگلوٹ-سکردو روڈ (جے ایس آر) پر شنگس کے مقام پر واقع رابطہ پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس کے نتیجے میں سکردو کا دیگر شہروں سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے۔ پل کی تباہی کے بعد جگلوٹ-سکردو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب استور ویلی روڈ بھی مختلف مقامات پر شدید متاثر ہوئی ہے۔ پریشنگ کے مقام پر سیلابی پانی کے باعث سڑک کا بڑا حصہ دریا برد ہوگیا، جس سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی اور علاقے کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔
متعلقہ اداروں نے بحالی کے لیے بھاری مشینری متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی ہے اور سڑکوں و پلوں کی بحالی کا کام جاری ہے، تاہم مسلسل بارشوں اور خراب موسمی حالات کے باعث امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ نے عوام، بالخصوص سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں، سفر سے قبل متعلقہ حکام سے سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال معلوم کریں اور سڑکوں و رابطہ پلوں کی مکمل بحالی تک غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔