مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، متعدد گرفتار، سرچ آپریشن جاری

image

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے بعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد دہشت گردوں کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے، جبکہ دہشت گردوں کی کمین گاہوں کی تباہی اور اسلحے کی برآمدگی بھی اہم پیش رفت ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں چھوڑی جائے گی اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام تک سرچ اور کلیئرنس آپریشن بلا تعطل جاری رہیں گے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ نے مستونگ کے قریب سیشن جج عبدالحکیم اور جوڈیشل مجسٹریٹ پر فائرنگ کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے سیشن جج عبدالحکیم اور ان کے محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ محسن نقوی نے زخمی جوڈیشل مجسٹریٹ طارق لاشاری اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور حکومت شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US