میرپور میں انٹرنیٹ سروسز کی مرحلہ وار بحالی، شہریوں اور کاروباری طبقے کا خیرمقدم

image

آزاد کشمیر کے ضلع میرپور اور اس کے گردونواح میں طویل بندش کے بعد انٹرنیٹ سروسز کی مرحلہ وار بحالی شروع ہو گئی، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

مختلف علاقوں میں سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن سروسز جزوی طور پر بحال ہونے سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ کاروباری طبقے نے انٹرنیٹ کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سروس کی بندش کے باعث تجارتی معاملات بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

انٹرنیٹ کی جزوی بحالی سے طلبہ کو آن لائن تعلیم، اسائنمنٹس اور تعلیمی سرگرمیوں میں دوبارہ سہولت میسر آ گئی ہے، جبکہ فری لانسرز اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ افراد نے بھی اس پیش رفت کو مثبت قرار دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ بند ہونے کے باعث بینکنگ، ای کامرس، آن لائن ٹرانزیکشنز اور روزمرہ کے متعدد معاملات متاثر رہے، تاہم سروس بحال ہونے سے معمولات زندگی دوبارہ بحال ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

اگرچہ بعض علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار اب بھی سست ہے، تاہم انتظامیہ کے مطابق بحالی کا عمل جاری ہے اور جلد تمام علاقوں میں مکمل سروس بحال کردی جائے گی۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ انٹرنیٹ سروس کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام اور کاروباری شعبہ دوبارہ مشکلات کا شکار نہ ہوں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی حالیہ دنوں میں میرپور میں انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US