فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام اور سرزمین کو خطرے میں ڈالنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے ڈھانچے کو ہر سطح پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاک افواج عوام کی یکجہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جبکہ یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور ثابت قدم عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جامع اور عوام دوست منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام قومی اداروں اور طبقات کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے ملک کے روشن مستقبل کے لیے اتحاد، استقامت اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔