مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

image

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دہشت گردوں کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں آپریشن العزم کے تحت کی گئی، جہاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان سے تھا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کی سہولت کاری میں ملوث کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال رکھا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US