صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں بلوچستان کے صوبائی وزراء کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مجموعی انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بلوچستان کی ہمہ جہت ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
آصف علی زرداری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات حاصل ہوں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، عوامی فلاح و بہبود اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
ملاقات میں صوبائی وزیر آبپاشی صادق عمرانی، وزیر منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیر صحت میر بخت کاکڑ، وزیر لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیر صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیر محنت غلام رسول عمرانی اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری بھی شریک تھے۔