دریائے راوی میں کمالیہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مل فتیانہ کے مقام سے 50 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔
ایس ڈی او ایریگیشن کے مطابق بڑھتے ہوئے پانی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے مل فتیانہ، کوٹ پٹھانہ، اڈا کلیرا، موضع تارا، حویلی مائی صفوراں، کوٹ کرم شاہ اور ڈیڈھی میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
سیلابی پانی کے باعث مل فتیانہ، خان دا چک، جھلار سگلہ، شہابل شاہ، بستی پیپل والا اور موضع درسانہ میں کھڑی فصلیں زیرِ آب آ گئی ہیں، جس سے کاشتکاروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ایس ڈی او ایریگیشن نے دریائی بیلٹ میں رہائش پذیر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔