وہاڑی میں پرانے لاری اڈا کے قریب مین سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں واسا کے دو ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے ملازمین کی شناخت سنی اور ساول کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع خانیوال سے تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں ملازمین مبینہ طور پر حفاظتی سامان کے بغیر رسے کے سہارے گٹر میں اترے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صفائی کے دوران رسہ چھوٹ جانے سے دونوں گہرے گٹر میں جا گرے، جہاں دم گھٹنے کے باعث ان کی موت واقع ہوگئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی کے بعد دونوں ملازمین کی لاشیں گٹر سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وہاڑی منتقل کردیں۔
واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔