لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیش گوئی

image

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بھی مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب مون سون بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے باعث پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بارش کے دوران برساتی نالوں، ندیوں، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US