عالمی یومِ مینگرووز کے موقع پر وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مینگرووز ساحلی علاقوں کے تحفظ کی قدرتی ڈھال ہیں اور یہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچاؤ میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مینگرووز ماہی گیری کے شعبے کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں کیونکہ یہ مچھلی، جھینگوں اور کیکڑوں کی افزائش کی قدرتی آماجگاہ ہیں، جس سے سمندری حیات اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مینگرووز عام درختوں کے مقابلے میں چار گنا زیادہ کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے باعث ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے ان کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ مینگرووز کے رقبے کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ مؤثر بحالی اور شجرکاری کے ذریعے ملک چوتھے نمبر تک پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مینگرووز کی بحالی بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے اور کاربن مارکیٹ سے سالانہ کروڑوں ڈالر کی آمدن حاصل کرنے کے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مینگرووز کے تحفظ اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ان کے جنگلات پر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی بھی ضروری ہے تاکہ اس قیمتی قدرتی اثاثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جاسکے۔