بلوچستان: آپریشن ’العزم‘ میں فتنہ الہندوستان کے 16 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ

image

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ ”آپریشن العزم“ کے تحت مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کلی کند عمرانی، کھڈکوچہ، مستونگ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں کیے گئے آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور کمین گاہیں تباہ کر دی گئیں، جبکہ وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن العزم کے دوران اب تک فتنہ الہندوستان کے 16 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US