گجرات: حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث گجرات ڈسٹرکٹ جیل کی بعض نشیبی بیرکوں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے 253 قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا۔
جیل انتظامیہ کے مطابق زیادہ بارش ہونے کے باعث نشیبی علاقے میں واقع چند بیرکوں میں پانی بھر گیا، جس سے قیدیوں کو فوری طور پر محفوظ بیرکوں میں منتقل کیا گیا۔ تاہم دیگر بیرکوں میں پہلے ہی گنجائش محدود ہونے کے باعث انتظامی مشکلات پیدا ہوئیں۔
صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے مزید کسی ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے متاثرہ بیرکوں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا اور قیدیوں کی منتقلی کا فیصلہ کیا۔
جیل حکام کے مطابق مجموعی طور پر 253 قیدیوں کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا گیا، جن میں 196 قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد جبکہ 57 قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی گجرات میں غیر معمولی بارشوں کے باعث شہر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ جیل کی بیرکوں میں پانی داخل ہونے پر متعدد قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کرنا پڑا تھا۔