صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج نے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کے 78ویں یومِ شہادت پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے علاقے تل پترا میں دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا اور پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر یافتہ سپوت بنے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری، عسکری مہارت اور فرض شناسی کی لازوال مثال قائم کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان کی عظیم قربانی آج بھی قوم اور مسلح افواج کے لیے جذبۂ حب الوطنی، فرض شناسی اور ایثار کی روشن علامت ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے آزادیٔ کشمیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانی فرض، شجاعت اور حب الوطنی کی لازوال مثال ہے، جبکہ شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم وطن کے دفاع کے لیے کیپٹن محمد سرور شہید کی بے مثال قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن محمد سرور شہید نے دشمن کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کی، اور ان جیسے بہادر سپوت پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قوم اپنے تمام شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔