پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں تو انہیں گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے ووٹرز سے پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان ”تیر“ پر مہر لگانے اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے حمایت کرنے کی درخواست بھی کی۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع کوٹلی کی اگہار کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 36 اور 37 پر ووٹرز کی عدم آمد کے باعث پولنگ کا آغاز تاخیر سے ہوا۔
ادھر کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے-3 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کر کے انتخابی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میرپور نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے شفاف، محفوظ اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔