وزیر خزانہ کا اوورسیز پاکستانی طلبہ سے مکالمہ، معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹل معیشت پر بریفنگ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے یوران (URAAN) اوورسیز پاکستانی سمر اسکالرز پروگرام کے شرکاء سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی معاشی اصلاحات، ڈیجیٹل معیشت، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری سے متعلق حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ چھ ہفتوں پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں دنیا کی معروف جامعات میں زیرِ تعلیم اوورسیز پاکستانی طلبہ اور نوجوان محققین شریک ہیں۔

وزیر خزانہ نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو اپنی تعلیم، تحقیق اور بین الاقوامی تجربے سے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں اور قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے شرکاء کو پاکستان کی معاشی صورتحال اور حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران حکومت نے معاشی استحکام کے حصول میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ اب توجہ پائیدار اقتصادی ترقی، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات پر مرکوز ہے، جبکہ نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے اور حکومت عالمی سرمایہ منڈیوں سے روابط مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی عالمی کیپٹل مارکیٹ میں کامیاب واپسی اور پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے اجرا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مالی وسائل کے نئے ذرائع تلاش کیے جا رہے ہیں، جو عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہیں۔

وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے قیام کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے جدید ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرے گا، جس سے ذمہ دارانہ جدت، مؤثر نگرانی اور ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروباری لاگت میں کمی کے لیے ٹیکس اصلاحات، سستے مالی وسائل، توانائی کی مسابقتی قیمتوں اور برآمدی شعبے کی استعداد بڑھانے کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ پاکستان کی معاشی مسابقت میں اضافہ ہو اور پائیدار ترقی کو فروغ ملے۔

تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء نے معاشی اصلاحات، برآمدات، ماحولیاتی مالیات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر وزیر خزانہ سے تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے نوجوان اسکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور بین الاقوامی تجربے کو پاکستان کی معاشی تبدیلی میں بروئے کار لائیں، جبکہ حکومت نوجوان پیشہ ور افراد کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US