وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل کانٹنٹ کری ایشن موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے اور حکومت شارٹ کورسز کے ذریعے صحافیوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
نیشنل پریس کلب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ہاؤسنگ مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور جاری ہے اور اس حوالے سے صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے قابلِ عمل حل نکالا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں نیشنل پریس کلب کے فنڈز محدود کر دیے گئے تھے، جبکہ ٹی وی چینلز کے سرکاری اشتہارات کے نرخ بھی کم کر دیے گئے، جس سے میڈیا انڈسٹری کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ 2019ء کی میڈیا پالیسی کے باعث میڈیا ادارے مالی بحران کا شکار ہوئے، جس کے اثرات آج بھی برقرار ہیں اور متعدد صحافی بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کسی بھی ٹی وی چینل یا اخبار کے سرکاری اشتہارات بند نہیں کیے گئے، جبکہ حکومت صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے نئی پالیسی متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے تاکہ میڈیا انڈسٹری کو مستحکم کیا جا سکے۔