محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے ملک میں مون سون بارشوں کا ایک طاقتور سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں شدید بارش، اربن فلڈنگ اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، تاہم 28 جولائی تک بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ نہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون کا نیا اور طاقتور سلسلہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، جہاں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ملک کے دریاؤں کی مجموعی صورتحال فی الحال قابو میں ہے، تاہم دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم اور کابل میں اس وقت کم درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے، جبکہ دریائے سندھ میں آئندہ 48 گھنٹوں تک کم درجے کی سیلابی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔
ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپور تھل میں 115 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 107 ملی میٹر جبکہ گجرات میں 94 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔