جنوبی افریقہ میں فائرنگ، دو سگے بھائیوں سمیت 4 پاکستانی جاں بحق

image

جنوبی افریقہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائیوں سمیت چار پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد پاکستانی برادری میں شدید غم و تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد نامی دو سگے بھائی بھی شامل ہیں، جن کا تعلق پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کے گاؤں بلہڑ سے تھا۔ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والے چار پاکستانیوں میں سے تین کا تعلق ضلع منڈی بہاؤالدین جبکہ ایک کا تعلق ضلع سیالکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق چاروں پاکستانی اپنی دکان بند کرنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر جنوبی افریقہ کی مقامی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں سے شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی برادری میں شدید غم و غصہ اور تشویش پائی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ افسوس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید شواہد اور معلومات سامنے آنے پر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

حکام کے مطابق حملے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکیں، اور تفتیشی ٹیمیں مختلف امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US