امریکی ایوانِ نمائندگان کے وفد کی جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے ملاقات، باہمی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

image

امریکا کی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے (ریاست مونٹانا) اور مائیکل جیمز (ریاست واشنگٹن) نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا انحصار معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام پر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ساختی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

امریکی وفد نے خطے میں استحکام اور معاشی مضبوطی کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، نجی شعبے کی شراکت داری اور دوطرفہ تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی ارکانِ کانگریس نے پرتپاک استقبال پر پاک فوج کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US