خیبر پختونخوا کی 9 رکنی کوہ پیما ٹیم نے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں واقع 6,050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق تھلو زوم ہندوکش کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے۔ آٹھ روزہ دشوار گزار مہم کے بعد کوہ پیماؤں نے چوٹی پر پہنچ کر قومی پرچم لہرا دیا۔
اتھارٹی کے مطابق مہم کا آغاز 9 جولائی کو کیا گیا تھا، جبکہ ٹیم نے 17 جولائی کو کامیابی کے ساتھ چوٹی سر کی۔ اس دوران کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، گلیشیئرز اور برفانی دراڑوں کو عبور کرتے ہوئے منزل حاصل کی۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے بتایا کہ تھلو زوم چوٹی پہلی مرتبہ 1971 میں آسٹریلیا کے کوہ پیماؤں نے سر کی تھی، جبکہ 2019 میں ایک اطالوی کوہ پیما ٹیم بھی اس چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔