آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کے بعد راولاکوٹ میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے دوران سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رات تقریباً 10 بجے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ افراد نے راولاکوٹ کی جانب لانگ مارچ کرنے کی کوشش کی۔ راولاکوٹ کے نواحی علاقے میں مشتعل افراد نے سکیورٹی پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی علی رضا شہید ہوگئے۔
حکام کے مطابق حملے کے دوران پولیس کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے، جبکہ مشتعل افراد نے رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو آگ لگا دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ صورتحال پر قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔