ملک بھر میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، جہاں صرف ایک ہفتے کے دوران گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کھلا خوردنی تیل اب 510 روپے فی کلو یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کھلے گھی کی قیمت 470 روپے فی کلو سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح مختلف برانڈڈ کمپنیوں کے گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی لیٹر قیمت 580 روپے سے بڑھ کر 620 روپے تک جا پہنچی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدہ صورتحال اور بین الاقوامی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات براہِ راست صارفین پر پڑ رہے ہیں۔