فلائی دبئی کی پرواز میں خاتون سے مبینہ ہراسانی، پاکستانی مسافر بینکاک پہنچتے ہی گرفتار

image

دبئی سے بینکاک جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں ایک خاتون مسافر سے مبینہ نامناسب رویے کے الزام میں پاکستانی شہری کو تھائی لینڈ پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا۔ متاثرہ خاتون نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور ہرجانے کا مطالبہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ تھائی شہری اٹلی کے شہر میلان سے دبئی کے راستے بینکاک واپس جا رہی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دبئی سے بینکاک جانے والی پرواز کے دوران وہ اپنی چار سالہ بیٹی کو گود میں لے کر سو گئی تھیں۔ اسی دوران ان کی آنکھ کھلی تو ساتھ والی نشست پر بیٹھا پاکستانی مسافر مبینہ طور پر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کر رہا تھا۔

خاتون کے مطابق انہوں نے دورانِ پرواز ہنگامہ کرنے کے بجائے طیارہ لینڈ ہونے کا انتظار کیا اور بینکاک کے ڈان میونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچتے ہی کیبن کریو کو تمام واقعے سے آگاہ کردیا۔

رپورٹس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد ایئرلائن عملے نے 30 سالہ پاکستانی مسافر سے پوچھ گچھ کی۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے پہلے الزامات مسترد کیے، تاہم بعد میں اپنے مبینہ عمل پر معذرت کرتے ہوئے رحم کی اپیل کی۔ ان کے مطابق ملزم روتا رہا اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر معافی مانگتا رہا، جبکہ اس کے ساتھ سفر کرنے والے چند افراد نے بھی معاملہ ختم کرنے کی درخواست کی، لیکن کیبن کریو نے پولیس کو اطلاع دینا ضروری قرار دیا۔

طیارے کے بینکاک پہنچتے ہی سیاحتی پولیس اور امیگریشن حکام نے پاکستانی شہری کو تحویل میں لے لیا اور اسے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا، جہاں متاثرہ خاتون نے باضابطہ شکایت درج کرادی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو تھائی لینڈ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قانون کے مطابق ابتدائی مرحلے میں دونوں فریقین کے درمیان مصالحت کی کوشش کی جائے گی، تاہم خاتون نے واضح کیا ہے کہ وہ مقدمہ چلانے کے ساتھ ساتھ ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کریں گی۔

متاثرہ خاتون نے کہا کہ انہوں نے اپنی شناخت ظاہر کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ اکیلے سفر کرنے والی دیگر خواتین کو آگاہ کیا جاسکے۔ ان کے مطابق اگر دورانِ سفر کسی خاتون کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے تو خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر طیارے کے عملے کو اطلاع دینی چاہیے۔

دوسری جانب فلائی دبئی کے ترجمان نے جاری تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کیس سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کرسکتے، تاہم ایئرلائن کے لیے مسافروں اور عملے کی حفاظت ہمیشہ اولین ترجیح ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US