ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کسی دباؤ کے سامنے سرنڈر نہیں کرے گا تاہم وہ جنگ یا جارحیت کا خواہاں بھی نہیں ہے۔
صدارتی عہدے کے دو سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہا ہے، اگر ایران کے خلاف دباؤ اور دھمکیاں ختم ہوجائیں تو کشیدگی جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہوگی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ایران لبنان میں جنگ رکوانے ناکہ بندی ختم کروانے اور بعض پابندیوں میں نرمی لانے میں کامیاب رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا ایران پر حملوں کے لیے خطے کے ممالک کی سرزمین استعمال کر رہا ہے تاہم ایران اپنا دفاع جاری رکھے گا۔ مسعود پزشکیان کے مطابق حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور مسلح افواج کے درمیان تعاون نے مشکل حالات سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔