برازیل اور امریکا میں ہیلی کاپٹر حادثات، 6 افراد ہلاک

image

برازیل اور امریکا میں پیش آنے والے دو مختلف ہیلی کاپٹر حادثات میں مجموعی طور پر 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک ہیلی کاپٹر جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر کے گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کا تھا جو سیاحوں کو فضائی سیر کرانے کی سہولت فراہم کرتی تھی اور حادثہ معروف سیاحتی مقام وسٹا چائنیسا کے قریب پیش آیا۔

کولمبیا کی قونصل جنرل ڈیانا پائز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 کولمبین سیاح بھی شامل ہوسکتے ہیں، تاہم شدید جھلسنے کے باعث لاشوں کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ دشوار گزار اور گھنے جنگلات کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب امریکی ریاست یوٹاہ میں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے آپریشن میں مصروف ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

امریکی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر فش لیک نیشنل فاریسٹ میں لگی آگ بجھانے کے مشن پر مامور تھا۔ حادثے کے بعد علاقے میں نئی آگ بھڑک اٹھی، جو بعد میں پہلے سے جاری جنگلاتی آگ میں شامل ہوگئی۔

حکام کے مطابق دونوں آگ مل کر تقریباً 174 مربع میل یعنی 451 مربع کلومیٹر رقبے تک پھیل چکی ہیں، جبکہ امریکا کے مغربی علاقوں میں متعدد جنگلات اب بھی آتشزدگی کی لپیٹ میں ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US