ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے سے ایران کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ خطے میں نئے دفاعی معاہدے امریکی سیکیورٹی نظام کی ناکامی کے بعد سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اگر باہمی معاہدوں کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تیسری قوت مداخلت نہ کرے تو آبنائے ہرمز کو کھولا جاسکتا ہے۔ انہوں نے امریکا کو مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق خطے میں بننے والا نیا دفاعی اتحاد اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی سیکیورٹی گارنٹی قابلِ اعتماد نہیں رہی۔ خطے کے ممالک یہ سمجھ چکے ہیں کہ سیکیورٹی کسی ثالث یا بیرونی طاقت سے خریدی جانے والی چیز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے معاہدے جو حقائق کی بنیاد پر ہوں اور خطرے کے اصل منبع کی درست نشاندہی کرتے ہوں، علاقائی سلامتی کے لیے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔ درست حکمت عملی اختیار کرکے خطے میں عدم استحکام کو روکا جاسکتا ہے۔