مکہ مکرمہ میں جاری 46ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی حفظ، قرأت اور تفسیرِ قرآن مقابلے میں بنگلہ دیش کے 18 سالہ نابینا حافظِ قرآن محمود حسن اشرفی نے اپنی محنت اور عزم سے سب کی توجہ حاصل کرلی۔
محمود حسن اشرفی پیدائشی طور پر نابینا ہیں۔ انہوں نے صرف 7 سال کی عمر میں حفظِ قرآن کا آغاز کیا اور والد کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی سے محض 3 برس میں قرآنِ مجید مکمل حفظ کرلیا۔ انہوں نے قرآنِ پاک کو دیکھ کر نہیں بلکہ سن کر اور مسلسل دہرانے کے ذریعے اپنے سینے میں محفوظ کیا۔
سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیرِ اہتمام مسجدِ حرام میں ہونے والے اس عالمی مقابلے کے فائنل مرحلے میں شرکت کے لیے محمود حسن اشرفی پہلی مرتبہ مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔
مکہ مکرمہ کی پہلی حاضری اور عالمی قرآنی مقابلے میں شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محمود حسن اشرفی نے کہا کہ ارضِ مقدس کی زیارت اور اس مقابلے کا حصہ بننا ان کا ایک بڑا خواب تھا، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔