کولمبیا میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 132 افراد جان سے گئے جبکہ 570 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ گزشتہ 10 برس کے دوران ملک میں آنے والے شدید ترین زلزلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
کولمبیا کی ایسوسی ایشن آف کیپیٹل سٹیز کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان مغربی علاقوں میں ہوا، جہاں متعدد عمارتیں متاثر اور کئی منہدم ہوگئیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر ملبہ ہٹا کر لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
زلزلے کا مرکز سان خوسے ڈیل پالمار کے علاقے میں بتایا گیا ہے، جو دارالحکومت بوگوٹا سے تقریباً 150 میل مغرب میں واقع ہے۔ نسبتاً کم ترقی یافتہ اس علاقے میں شدید جھٹکوں کے باعث کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ ایک اسپتال کے بچوں اور نومولود بچوں کے شعبے بھی متاثر ہوئے۔
ریسکیو کارروائیوں میں فوجی اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے کے ساتھ زخمیوں کو طبی امداد پہنچا رہی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
کولمبیا کی حکومت نے زلزلے کے بعد ملک میں قومی آفت کا اعلان کردیا ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ شہریوں کے لیے طبی سہولیات، امداد اور عارضی رہائش کا انتظام کیا جا رہا ہے جبکہ نقصانات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت بوگوٹا سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ خوف کے باعث متعدد شہری عمارتوں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر جمع ہوگئے جبکہ مختلف مقامات پر ہنگامی الارم بھی بجائے گئے۔
حکام نے شہریوں کو متاثرہ اور کمزور عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاط برتنے کا کہا ہے۔ امدادی اداروں کے مطابق ملبے کی مکمل تلاشی اور نقصانات کا حتمی اندازہ لگانے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔