جنوبی یوکرین میں مگ-29 لڑاکا طیارہ تباہ، پائلٹ محفوظ رہا

image

یوکرین کے جنوبی علاقے اودیسا میں جنگی مشن کے دوران یوکرینی فضائیہ کا مگ-29 لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ بروقت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق واقعہ 10 اگست کی شام پیش آیا، جب مگ-29 کا پائلٹ اودیسا ریجن میں فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کے مشن پر تھا۔

فضائیہ کے مطابق میزائل داغنے کے دوران طیارے میں اچانک ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اور طیارہ پائلٹ کے قابو سے باہر ہوگیا۔

یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ طیارے کو بچانا ممکن نہ رہا، تاہم پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچالی۔ پائلٹ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یوکرینی فضائیہ کے لڑاکا طیارے کے تباہ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 29 جولائی کو یوکرین کا ایک ایف-16 طیارہ بھی دوران پرواز ہنگامی صورتحال کے باعث تباہ ہوگیا تھا، تاہم اس کے پائلٹ نے بھی بروقت ایجیکٹ کرکے جان بچالی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US