سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صوفہ سازی کے ایک کارخانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلا دیشی شہری جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ ریاض کے الشفا ضلع کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک فرنیچر مینوفیکچرنگ یونٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ بنگلا دیشی وزارت خارجہ کے مطابق حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ کی زد میں آنے والے تمام 16 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
بنگلا دیشی حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 10 کا تعلق نوگاؤں جبکہ دیگر کا نٹور اور راجشاہی اضلاع سے تھا۔ ریاض میں بنگلا دیشی سفارتخانہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور متاثرین کی شناخت، میتیں وطن واپس پہنچانے اور ان کے اہل خانہ کو ضروری امداد و معاوضہ فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق آگ ایک غیر لائسنس یافتہ مرکز میں لگی تھی جہاں صوفوں اور فرنیچر پر کپڑا چڑھانے کا کام کیا جاتا تھا۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا جبکہ واقعے کے بعد متعلقہ مقام کے خلاف قانونی اور انتظامی کارروائی بھی مکمل کرلی گئی۔