ایئر انڈیا کی فوکٹ سے نئی دہلی جانے والی پرواز کے کپتان کے ڈوپ ٹیسٹ میں چرس کے استعمال کی تصدیق ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کپتان کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات مزید اہم ہوگئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 4 اگست کو ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 2379 فوکٹ سے نئی دہلی جارہی تھی۔ طیارے میں 137 مسافر اور عملے کے 8 ارکان موجود تھے کہ دورانِ پرواز اچانک طیارے کی اونچائی میں تقریباً 300 فٹ کی کمی واقع ہوگئی۔ واقعے کے نتیجے میں کم از کم 20 مسافر اور عملے کے 4 ارکان زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کے اچانک نیچے آنے کے وقت کپتان اپنی نشست پر موجود نہیں تھے اور پرواز کا کنٹرول فرسٹ آفیسر سنبھالے ہوئے تھے۔
پرواز کے نئی دہلی پہنچنے کے بعد معمول کی اسکریننگ کے دوران کپتان کے جسم میں نشہ آور مادے کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ بعد ازاں دوبارہ ٹیسٹ کیا گیا، جس کا نتیجہ بھی منگل کو مثبت آیا۔ ذرائع کے مطابق دوسرے ٹیسٹ سے خاص طور پر چرس کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی وزارتِ شہری ہوابازی نے بتایا ہے کہ ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ پرواز کے دوران پیش آنے والی صورتحال اور دیگر متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا جاسکے۔
دوسری جانب ایئر انڈیا کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔