اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن سے وابستہ دو اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق زیرِ حراست اہلکاروں کے خلاف عائد الزامات سے ادارے کو آگاہ نہیں کیا گیا، جبکہ اقوامِ متحدہ کے نمائندوں کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں اہلکاروں کی خصوصی حیثیت کا احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے طالبان پر واضح کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور اس کے عملے کو حاصل مراعات اور استثنیٰ کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔
اقوامِ متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ زیرِ حراست اہلکاروں کے معاملے میں بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے عملے کو حاصل قانونی تحفظات کا احترام کیا جائے۔