کاکروچ جنتا پارٹی کا ملک گیر احتجاج کا نیا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان

image

کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے ملک بھر میں جاری احتجاجی سرگرمیوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز جلد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سی جے پی کے ترجمان سورو داس نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے کی جانب سے اعلان کردہ ’’جنتر منتر سیزن 2‘‘ ملک گیر احتجاجی مہم کا اگلا مرحلہ ہوگا۔ ان کے مطابق مختلف علاقوں میں حکومتوں اور سرکاری افسران کی مبینہ نااہلی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

سورو داس کے مطابق پارٹی اب ملک گیر ’’لسننگ ٹور‘‘ بھی شروع کرے گی، جس کے دوران عوام سے براہِ راست ان کے مسائل اور آرا معلوم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ 15 اگست سے شروع ہونے والی ایک نئی مہم میں تعلیم کے شعبے کو ترجیح دی جائے گی۔ پارٹی نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے سرکاری اسکولوں کا دورہ کریں، تعلیمی اداروں کی صورتحال کا سماجی آڈٹ کریں اور بنیادی مسائل کو ریکارڈ کرکے عوام کے سامنے لائیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوجوان اب ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں اور ملک جلد ایک حقیقی ترقی یافتہ بھارت کی جانب بڑھے گا۔

واضح رہے کہ سی جے پی کا گزشتہ ’’جنتر منتر‘‘ احتجاج 37 روز تک جاری رہنے کے بعد 25 جولائی کو اختتام پذیر ہوا تھا، جبکہ پارٹی کے بانی ابھیجیت ڈپکے نے پہلے ہی احتجاج کے دوسرے مرحلے کے جلد آغاز کا اعلان کیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US