امریکا اور ایران نے 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کرلیا ہے۔
ترک خبر ایجنسی نے پاکستانی حکومتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں فریقین نے جنگ بندی میں توسیع کے لیے اپنی رضامندی سے ثالثوں کو آگاہ کردیا ہے، جبکہ توسیع کی حتمی مدت طے کرنے کے لیے اس وقت ایک دوسرے کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
موجودہ جنگ بندی کی مدت 17 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور تہران نے 17 جون کو ایک 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت جنگ بندی کے قیام اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات مکمل کرنے کی خاطر 60 روزہ مدت مقرر کی گئی تھی۔
اس مفاہمتی یادداشت میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے کھلا رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اہم شقوں میں مبہم زبان کے باعث دونوں فریق ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کرتے رہے ہیں۔