آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان جلد کروں گا، ٹرمپ

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکا کا علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے جس سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

امریکی میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے ایران کو اقتصادی طور پر شدید نقصان پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران پر مزید سخت معاشی دباؤ ڈالا جائے گا۔

اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن آئندہ ہفتے ایران کے خلاف ایسی اقتصادی پابندیاں عائد کرے گا جن کی مثال پہلے نہیں ملتی۔

اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق نئی پابندیوں کا مقصد ایران پر معاشی دباؤ مزید بڑھانا ہے جبکہ آبنائے ہرمز سے متعلق اقدامات بھی امریکی حکمت عملی کا حصہ ہوں گے۔

دوسری جانب ایران نے ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ایرانی ہے اور اس کے کھولنے یا بند کرنے کا فیصلہ ایران ہی کرے گا۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم آبی گزرگاہ ہے اور موجودہ کشیدگی کے باعث یہاں بحری آمدورفت تقریباً رک چکی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تیل منڈیوں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US