حکومت سندھ ویژن پروگرام تھرپارکر اور سکھر میں منعقد کرنے پر غور کررہی ہے، شرجیل انعام میمن

image

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ نومبر میں تھرپارکر اور سکھر میں 'سندھ ویژن' پروگرام منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے، جس کے لیے فی الحال 15 سے 17 نومبر کی عارضی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں لیکن یہ مصروفیات کے باعث آگے بھی بڑھ سکتی ہیں۔

اس ایونٹ کے ذریعے ملک بھر کے صحافیوں کو سکھر میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا جبکہ سکھر میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیڈیم کی تعمیر بھی زیرِ غور ہے جس میں نجی شعبے کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 21 لاکھ گھروں کی تعمیر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے جبکہ بعض اقدامات نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی جگہ بنائی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کا مقابلہ قومی اتحاد سے کرنا ہوگا۔ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی روڈ پر کمرشل ٹریفک بحال ہو چکی ہے، موسمیات فلائی اوور کو جلد کھول دیا جائے گا اور تمام جاری کام جلد مکمل کیے جائیں گے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج سیاسی کارکنوں کا جمہوری حق ہے لیکن جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ یا ہتھیار اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کی ہے اور لانگ مارچ کے دوران کہیں بدنظمی نہیں ہوئی۔

انہوں نے سیاسی رہنماؤں کو قانونی راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ صدر زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات کے حوالے سے خبریں غیر مصدقہ ہیں اور ابھی تک ان کی تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے میڈیا کو فیک نیوز اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کرنا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US