عراق میں امریکی افواج کا مشن ختم، وزیراعظم علی الزیدی کا یومِ خودمختاری کا اعلان

image

عراق میں دو دہائیوں سے زائد عرصے تک موجود رہنے کے بعد امریکی افواج نے اپنا مشن باقاعدہ طور پر ختم کرتے ہوئے ملک سے انخلا مکمل کر لیا ہے۔ اس پیشرفت کے بعد عراقی فوج نے دارالحکومت بغداد اور نجف کی سڑکوں پر فوجی گاڑیوں کے ساتھ پریڈ کا اہتمام کیا۔

عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران یکم اکتوبر کو 'یومِ خودمختاری' کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ عراقی حکومت کے مطابق غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد ایران نواز دھڑوں کے پاس وہ جواز ختم ہو جائے گا جس کی بنیاد پر وہ اب تک اپنے پاس اسلحہ رکھتے آئے ہیں۔

امریکا اور عراق کے درمیان 2024 میں اس فوجی مشن کو ختم کرنے کا معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد امریکی فوجی مرحلہ وار ملک بھر کے مختلف اڈوں سے نکل کر شمالی کردستان کے خود مختار علاقے تک محدود ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ امریکی افواج نے 2003 میں عراقی صدر صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے لیے حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد 2011 کے اختتام پر امریکی افواج واپس چلی گئی تھیں، لیکن 2014 میں داعش کی جانب سے عراق کے ایک تہائی حصے پر قبضے کے بعد انہیں دوبارہ واپس آنا پڑا تھا۔ اس طویل تنازع کے دوران 4,500 سے زائد امریکی فوجی مارے گئے جبکہ 2 لاکھ سے زائد عراقی شہری بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US