پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں 3 ارب ڈالرز کے بین الاقوامی یورو بانڈز جاری کردیے، جو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سنگل انٹرنیشنل بانڈ ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق بانڈز کے لیے تقریباً دگنی طلب موصول ہوئی۔ ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ پر 7.50 فیصد جبکہ 10 سالہ بانڈ پر 7.90 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا ہے، 10 سالہ بانڈ سے 1.25 ارب ڈالرز حاصل ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کی بیرونی فنانسنگ حاصل ہوگی جسے بیرونی مالی ضروریات اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پاکستان پر اعتماد کی بحالی کا اشارہ ہے جبکہ نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت یہ پاکستان کا پہلا بانڈ اجرا ہے۔