پی سی بی کا جونیئر کرکٹرز کی جامع تربیت کا منصوبہ: عاقب جاوید کا فیصل آباد میں انڈر 17 کیمپ کا دورہ

image

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے فیصل آباد میں جاری انڈر 17 اسکلز ڈیولپمنٹ کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوچز اور نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ’سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ کے مستقبل اور جونیئر سطح پر کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے نئے منصوبوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ میں انڈر 15، انڈر 17، انڈر 19 اور فرسٹ کلاس پر مشتمل چار درجوں کا نظام موجود ہے، جبکہ اسکول کرکٹ سے ریجن، انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 تک ایک واضح پاتھ وے تشکیل دیا گیا ہے، جس کے بعد کھلاڑیوں کے لیے فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو کرکٹ کے دروازے کھلتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انڈر 15 ٹورنامنٹ کے بہترین 30 کھلاڑیوں کو سیالکوٹ میں خصوصی تربیت دی جائے گی، جبکہ انڈر 15 سے انڈر 19 تک ہر مرحلے پر بہترین کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مکمل سپورٹ فراہم کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت صرف بیٹنگ اور بولنگ تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ انہیں کم عمری سے ہی تکنیک، بیلنس اور کھیل کی بنیادی چیزوں کی سمجھ ہونی چاہیے۔ اسی مقصد کے تحت انڈر 15 اور انڈر 17 کے کھلاڑیوں کو لیول ون کوچنگ کورس کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ انڈر 19 سطح پر کوچنگ، ٹریننگ اور سائیکالوجی پروگرام کو لیول ٹو تک لے جایا جائے گا۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی ذہنی تربیت پر بھی ابتدا ہی سے کام کیا جائے گا اور سائیکالوجی کو انڈر 15 و انڈر 17 سطح پر پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، زبان کی رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو لینگویج کورسز بھی کرائے جائیں گے تاکہ ان کی مجموعی شخصیت اور مواصلاتی صلاحیتوں میں بہتری آسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US