پاکستان نے تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان طبیعت کی خرابی کے باعث میچ کے لیے دستیاب نہیں، ان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس ہارنے کے باوجود ٹیم پہلے بیٹنگ کے لیے تیار ہے۔ سری لنکا نے بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے ایشان ملنگا کی جگہ مہیش تھیکشانا کو شامل کیا ہے۔
پاکستان کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے سہ ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے پر ہیں۔ قومی ٹیم نے آخری بار 2008 میں بنگلا دیش میں کھیلی گئی سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل بھارت کو ہرا کر جیتا تھا۔